جنید جمشید کی برسی، مداحوں سے بچھڑے 9 برس بیت گئے

معروف نعت خواں اور سابق پاپ گلوکار جنید جمشید کی جدائی کو آج نو برس ہو گئے۔ ان کے چاہنے والے ہر سال 7 دسمبر کو انہیں عقیدت اور محبت سے یاد کرتے ہیں، کیونکہ وہ صرف ایک گلوکار ہی نہیں بلکہ ایک ہمہ جہت شخصیت تھے جنہوں نے لاکھوں دلوں پر اثر چھوڑا۔
3 ستمبر 1964 کو کراچی میں پیدا ہونے والے جنید جمشید نے ابتدا میں انجینئرنگ کے شعبے کا انتخاب کیا، مگر موسیقی کی دنیا میں قدم رکھتے ہی غیر معمولی شہرت نے انہیں ملکی و بین الاقوامی سطح پر مقبول کر دیا۔
ان کے پہلے ہی میوزیکل البم نے انہیں عروج پر پہنچایا، جبکہ ان کا مشہور قومی ترانہ نما گیت دل دل پاکستان ان کی پہچان بن گیا اور پاکستانی موسیقی کی تاریخ میں ہمیشہ کے لیے امر ہو گیا۔
شہرت کے اس بلند مقام پر انہوں نے 2004 میں موسیقی کو خیرباد کہہ کر خود کو مکمل طور پر دین کی خدمت، تبلیغ اور اصلاحِ معاشرہ کے کاموں کے لیے وقف کر دیا۔ 2005 میں ان کا پہلا نعتیہ البم ریلیز ہوا جسے عوام نے بے حد پزیرائی بخشی۔
یہ بھی پڑھیں : جنید جمشید کی اہلیہ کا اُن کے آخری دنوں کی دل دہلا دینے والی یادیں شیئر
مذہبی خدمات کے ساتھ ساتھ جنید جمشید نے کاروبار میں بھی کامیاب سفر طے کیا۔ ان کا متعارف کردہ ملبوسات کا برانڈ جے ڈاٹ (J.) چند ہی سالوں میں پاکستان کے مقبول ترین برانڈز میں شمار ہونے لگا۔
2014 میں ان کی ملی و مذہبی خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان نے انہیں تمغہ امتیاز سے نوازا، جو ان کی منفرد شناخت اور ملک کے لیے خدمات کا اعتراف تھا۔
7 دسمبر 2016 کو حویلیاں کے قریب پی کے 661 کے المناک فضائی حادثے نے جنید جمشید کو دنیا سے چھین لیا، مگر ان کی آواز، تعلیمات، شخصیت اور خدمتِ دین کا پیغام آج بھی لاکھوں دلوں میں زندہ ہے۔











