لیڈی گاگا سانس کے انفیکشن کا شکار، مونٹریال کنسرٹ منسوخ

امریکی گلوکارہ لیڈی گاگا سانس کے انفیکشن میں مبتلا ہوگئی ہیں، جس کے باعث انہیں اپنا طے شدہ کنسرٹ منسوخ کرنا پڑا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈا کے شہر مونٹریال میں لیڈی گاگا کا کنسرٹ ہونا تھا، تاہم طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے وہ اس میں پرفارم نہ کر سکیں۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ گلوکارہ کو سانس کی تکلیف لاحق ہوئی ہے جس کے باعث وہ گانا گانے سے قاصر ہیں اور ڈاکٹروں نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔
لیڈی گاگا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کو اپنی صحت کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کنسرٹ منسوخ کرنے پر معذرت کی۔
انہوں نے بتایا کہ کنسرٹ سے چند دن قبل ہی ان کی بیماری کی تشخیص ہوئی، جس کے بعد انہوں نے لائیو پرفارمنس کے بجائے صحت کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا۔
گلوکارہ کا کہنا تھا کہ سانس کا انفیکشن ان کی آواز اور گلوکاری پر اثر انداز ہو سکتا ہے، اس لیے فوری آرام ضروری تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ جلد صحت یاب ہو کر اپنے مداحوں کے لیے دوبارہ پرفارم کرنے کی امید رکھتی ہیں اور ان کی محبت و حمایت پر شکر گزار ہیں۔











