لاہور میں سولر توانائی کا استعمال بڑھنے سے دن کے وقت بجلی کا شارٹ فال ختم

لاہور: عوام کی جانب سے سولر توانائی کے بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث لیسکو ریجن میں دن کے وقت بجلی کا شارٹ فال ختم ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق لیسکو ریجن میں بجلی کی طلب تقریباً 2300 میگاواٹ ہے جبکہ کوٹہ بھی اسی کے قریب فراہم کیا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے دن کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ کی ضرورت نہیں رہتی۔
لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ رات کے وقت بجلی کی طلب بڑھ کر تقریباً 3000 میگاواٹ تک پہنچ جاتی ہے جبکہ کوٹہ 2600 میگاواٹ کے قریب ہوتا ہے، جس کے باعث شہری اور دیہی علاقوں میں ایک سے دو گھنٹے جبکہ بعض مقامات پر چار گھنٹے تک اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جاتی ہے۔
بجلی صارفین پر بڑا بوجھ، اپریل کے بلوں میں 14 ارب روپے سے زائد اضافہ
حکام کے مطابق سولر سسٹم کے بڑھتے ہوئے استعمال نے دن کے اوقات میں بجلی کے دباؤ کو کافی حد تک کم کر دیا ہے، جس سے نظام میں بہتری آئی ہے۔
لیسکو ذرائع نے مزید کہا ہے کہ آئندہ چند روز میں صورتحال مزید بہتر ہونے کی توقع ہے اور بجلی کی فراہمی کے نظام میں استحکام آ سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق پاکستان میں سولر انرجی کی طرف رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے جو مستقبل میں توانائی کے بحران کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔










