ہنگری کا اعلان: عالمی عدالت کے وارنٹ پر کسی بھی رہنما کی گرفتاری ممکن

ہنگری کے نومنتخب وزیراعظم پیٹر میگیار نے واضح اعلان کیا ہے کہ ان کی حکومت بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے کسی بھی ایسے عالمی رہنما کو گرفتار کرے گی جس کے وارنٹ بین الاقوامی فوجداری عدالت سے جاری ہوں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیٹر میگیار سے سوال کیا گیا کہ اگر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو ہنگری کا دورہ کرتے ہیں تو کیا انہیں گرفتار کیا جائے گا؟ اس پر انہوں نے دوٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور حکومت عالمی عدالت کے احکامات پر عمل کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہنگری بین الاقوامی فوجداری عدالت سے علیحدگی کا عمل بھی روک دے گا، جو سابق وزیراعظم وکٹر اوربان کے دور میں شروع کیا گیا تھا۔
پیٹر میگیار کے مطابق سابق حکومت کا یہ اقدام مبینہ طور پر اسرائیلی وزیراعظم کو ممکنہ گرفتاری سے بچانے کے لیے اٹھایا گیا تھا، خاص طور پر غزہ میں جنگی جرائم کے الزامات کے تناظر میں۔
سیاسی ماہرین کے مطابق ہنگری کے اس اعلان سے عالمی سطح پر سفارتی تناؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے اور یہ فیصلہ بین الاقوامی قانون کی عملداری کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت سمجھا جا رہا ہے۔










