پاکستان کو سعودی عرب سے مزید ایک ارب ڈالر موصول

پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مزید استحکام حاصل ہوا ہے کیونکہ سعودی عرب کی جانب سے ایک ارب ڈالر کی اضافی قسط پاکستان کو موصول ہو گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے مجموعی 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ میں سے دوسری قسط کے طور پر 1 ارب ڈالر پاکستان کو منتقل کر دیے گئے ہیں۔ اس سے قبل 2 ارب ڈالر کی پہلی قسط 15 اپریل کو موصول ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کے مالی استحکام کے لیے 3 ارب ڈالر کی مجموعی مالی معاونت فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت یہ رقوم اسٹیٹ بینک میں بطور ڈپازٹ رکھی گئی ہیں۔
15 اپریل کو اسٹیٹ بینک نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ 2 ارب ڈالر کی ابتدائی قسط موصول ہو چکی ہے، جبکہ سعودی حکومت نے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم رکھنے کے لیے مزید تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی تھی۔
بعد ازاں سعودی عرب نے اس 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کو رول اوور بھی کر دیا، جس کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور سعودی فنڈ برائے ترقی کے درمیان باضابطہ معاہدہ طے پایا۔
یہ معاہدہ واشنگٹن ڈی سی میں اس وقت کیا گیا جب وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے عالمی مالیاتی اداروں کے اجلاس کے موقع پر اہم مالی تقریب میں شرکت کی۔










