پی سی بی کا بڑا فیصلہ، سعودی عرب میں کرکٹ اسٹیڈیم بنا نے کی تیاری

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سعودی عرب کے شہر جدہ میں کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کرنے کا منصوبہ شروع کرنے کی ابتدائی منظوری حاصل کر لی ہے، جس کے بعد مستقبل میں پی ایس ایل میچز وہاں منعقد ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ کے لیے سرگرم ہے، کیونکہ وہاں بڑی تعداد میں پاکستانی اور دیگر ایشیائی کمیونٹیز موجود ہیں جو کرکٹ سے گہری دلچسپی رکھتی ہیں۔ سعودی حکومت بھی اسپورٹس سرگرمیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق حال ہی میں بورڈ آف گورنرز کی میٹنگ میں سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے ساتھ تعاون کے لیے دلچسپی کی منظوری دی گئی ہے۔ تاہم اس منصوبے پر ابھی مزید مذاکرات اور حتمی معاہدہ ہونا باقی ہے۔
اسٹیڈیم کی تعمیر کے لیے مختلف مقامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، اور اگر مقامی حکام کے ساتھ معاملات طے پا گئے تو باضابطہ معاہدے کے بعد تعمیراتی کام شروع کر دیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کے تیز فیصلوں کی وجہ سے اگر منصوبہ تیزی سے آگے بڑھا تو ایک سال کے اندر اسٹیڈیم مکمل کیا جا سکتا ہے۔
منصوبے کے تحت جدید فلڈ لائٹس، بڑی تماشائی گنجائش اور بین الاقوامی معیار کی سہولیات شامل ہوں گی، جس کے بعد جدہ میں پی ایس ایل سمیت پاکستان کرکٹ کے میچز بھی کھیلے جا سکیں گے۔










