07:03 , 17 جون 2026
Watch Live

جج کے چیمبر سے سیب اور ہینڈ واش چوری، پاکستانی تاریخ کا سب سے دلچسپ مقدمہ درج

جج کے چیمبر سے سیب اور ہینڈ واش چوری

لاہور میں سیشن کورٹ کے جج نور محمد بسمل کے چیمبر سے 2 سیب اور ایک ہینڈ واش چوری ہونے پر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے، جو سوشل میڈیا پر طنز و مزاح کا موضوع بن چکا ہے۔

تھانہ اسلام پورہ میں درج ایف آئی آر کے مطابق یہ واقعہ 5 دسمبر کو پیش آیا، اور چوری شدہ اشیا کی مجموعی مالیت 1000 روپے بتائی گئی ہے۔ مقدمہ جج کے ریڈر کی مدعیت میں درج کیا گیا، جو جج کی ہدایت پر درج کرایا گیا۔

پولیس نے مقدمہ دفعہ 380 پاکستان کے تحت درج کیا ہے، جس کے مطابق چوری ثابت ہونے پر ملزم کو 7 سال تک قید یا جرمانہ، یا دونوں سزائیں دی جا سکتی ہیں۔

اس انوکھی ایف آئی آر نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچادی، جہاں صارفین نے اسے ملک کے نظامِ انصاف پر سوالیہ نشان قرار دیا۔ ایک صارف نے طنزاً کہا کہ شاید چوری شدہ سیب اور ہینڈ واش کی ریکوری کے لیے جے آئی ٹی بھی بنا دی جائے۔

متعدد صارفین نے لکھا کہ عام آدمی کے لاکھوں روپے لوٹ لیے جائیں تو ایف آئی آر نہیں بنتی، لیکن جج کے چند سیب چوری ہوں تو پوری ریاست حرکت میں آجاتی ہے۔

کچھ لوگوں نے اس واقعے کا تقابل اسلام آباد میں گاڑی کی ٹکر سے دو لڑکیوں کی ہلاکت کے کیس سے بھی کیا، جس میں مبینہ طور پر ایک اعلیٰ عدالتی افسر کا بیٹا ملوث تھا۔

دوسری جانب بعض قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ چوری چاہے چھوٹی ہو یا بڑی، قانون کے مطابق اس کی ایف آئی آر درج ہونا ضروری ہے، اور یہ اقدام قانونی نقطہ نظر سے جائز ہے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION