سال 2025 کا آخری سپر مون آج رات ہوگا، سپارکو کی پیشگوئی

پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے اعلان کیا ہے کہ سال 2025 کا آخری سپر مون، جسے دسمبر کا کولڈ مون بھی کہا جاتا ہے، آج رات آسمان پر نمایاں طور پر دیکھا جاسکے گا۔ یہ فلکیاتی منظر سال کے اختتام پر لوگوں کو ایک روشن و دلکش نظارہ فراہم کرے گا۔
سپارکو کے مطابق سپر مون 4 اور 5 دسمبر کی درمیانی رات پاکستان بھر میں موسم صاف ہونے کی صورت میں بہترین طور پر نظر آئے گا۔ یہ چاند سال 2025 کا تیسرا مسلسل سپر مون ہے، جس کی وجہ سے فلکیات کے شوقین افراد میں خاصی دلچسپی پائی جارہی ہے۔
یہ سپر مون 5 دسمبر کی صبح 4 بج کر 15 منٹ پر اپنے عروج پر پہنچے گا، جب اس کی روشنائی 99.8 فیصد ہوگی۔ ماہرین کے مطابق اس وقت چاند معمول سے زیادہ درخشاں نظر آئے گا۔
سپارکو کا کہنا ہے کہ 4 دسمبر کی شام 4 بج کر 58 منٹ پر چاند 99.2 فیصد روشن حالت میں طلوع ہوگا۔ اس دوران لوگ مشرقی افق پر بہت روشن اور بڑا دکھائی دینے والا چاند دیکھ سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان میں سپر مون کا خوبصورت نظارہ
فلکیاتی ماہرین کے مطابق اس رات چاند اور زمین کے درمیان فاصلہ تقریباً 357,218 کلومیٹر ہوگا، جو سپر مون کی وجہ بننے والا نسبتاً کم فاصلہ ہے۔ قریب ہونے کے باعث چاند اپنی اصل جسامت سے بڑا دکھائی دیتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سپر مون کے دوران چاند تقریباً 7.9 فیصد بڑا اور 15 فیصد زیادہ روشن محسوس ہوگا، جس سے یہ نظارہ آسمان پر ایک شاندار منظر پیش کرے گا۔
دنیا بھر میں عام طور پر سال میں تین سے چار مرتبہ سپر مون دیکھنے کو ملتا ہے، اور دسمبر کا یہ کولڈ مون 2025 کے فلکیاتی مناظر کا اختتام ایک خوبصورت منظر کے ساتھ کرے گا۔












