بیٹی صاحبہ نے ریمبو سے شادی کے لیے خودکشی کی دھمکی دی تھی، نشو بیگم

ماضی کی معروف فلمی اداکارہ نشو بیگم نے انکشاف کیا ہے کہ اداکار ریمبو سے شادی کے معاملے پر ان کی بیٹی صاحبہ نے انہیں انتہائی حد تک دباؤ میں لاتے ہوئے خودکشی کی دھمکی بھی دی تھی۔
ایک حالیہ انٹرویو میں نشو بیگم نے اپنی زندگی، کیریئر اور خاندانی معاملات کے بارے میں کھل کر گفتگو کی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے والدین مذہبی رجحان رکھتے تھے اور وہ کم عمری میں ہی قرآن پاک کی تعلیم مکمل کر چکی تھیں۔ اگرچہ گھر والے چاہتے تھے کہ وہ شوبز سے دور رہیں، لیکن اداکاری کا شوق انہیں دورانِ تعلیم ہی فلم انڈسٹری تک لے آیا، اور میٹرک سے پہلے ہی انہوں نے فلموں میں کام شروع کر دیا۔
اداکارہ نے بتایا کہ والدہ نے اداکاری شروع کرنے پر انہیں شدید ڈانٹ اور سزا بھی دی تھی، اور وہ وقت آج بھی یاد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نویں جماعت میں ان کی خوبصورتی کے باعث والدہ انہیں برقع پہن کر اسکول بھیجتی تھیں تاکہ غیر ضروری توجہ سے بچا جا سکے۔
بیٹی صاحبہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے نشو بیگم نے کہا کہ وہ اپنی والدہ کو خاصا دباؤ میں رکھتی تھیں اور مختلف باتوں پر بلیک میل بھی کرتی رہی ہیں۔ نشو بیگم کا کہنا تھا کہ وہ صاحبہ اور ریمبو کے عشق کی مخالف تھیں، تاہم شادی کی نہیں، کیونکہ وہ چاہتی تھیں کہ بیٹی پہلے اپنے کیریئر میں مقام بنائے، پھر زندگی کے بڑے فیصلے کرے۔
اداکارہ نے بتایا کہ صاحبہ کی خواہش پر ہی انہیں فلموں میں جلد کام کرنے کی اجازت دی گئی، لیکن چند منصوبوں کے بعد ہی وہ ریمبو کے ساتھ تعلق میں پڑ گئیں اور شادی کے لیے اصرار کرنے لگیں۔
نشو بیگم کے مطابق جب انہوں نے فوری شادی سے روکا تو بیٹی نے شدید ردعمل دیتے ہوئے دھمکی دی کہ اگر ان کی مرضی نہ مانی گئی تو وہ اپنی جان لے لیں گی یا انہیں گھر میں اس کی لاش ملے گی، جس پر گھر میں سخت پریشانی کی کیفیت پیدا ہوگئی۔











