پاکستان کی انڈر 17 ٹیم کی تاریخی جیت

اے ایف سی انڈر 17 ایشین کپ کوالیفائیر میں پاکستان نے گوام کو 0-11 سے شکست دے دی، جو کہ پاکستان کی سب سے بڑی فتح قرار دی جارہی ہے۔ اس شاندار کامیابی نے ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم کی کارکردگی کو مزید مضبوط کر دیا ہے اور کھلاڑیوں کا حوصلہ بھی بڑھا ہے۔
میچ کے دوران پاکستان کی انڈر 17 ٹیم نے ابتدا ہی سے دباؤ ڈال کر کھیل پیش کیا۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار پاسنگ، رفتار اور فارم کا مظاہرہ کیا، جس کے باعث گوام کی ٹیم میچ میں کمزور نظر آئی اور دفاع کو سنبھالنے میں ناکام رہی۔
پاکستان کی جانب سے عبدالصمد نے سب سے زیادہ چار گول اسکور کیے جبکہ کلیم اللہ جونیئر نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے تین گول داغے۔ اس کے علاوہ عبداللہ، شہرام، حسنین اور اشرف نے ایک، ایک گول کر کے ٹیم کی برتری کو مزید مستحکم کیا۔
مزید پڑھیں: پاکستان کا مستقبل باکسنگ میں روشن ہے، ایک دن یہاں سے بھی مائیک ٹائسن جیسا چیمپئن آئے گا، عامر خان
پاکستانی کوچنگ اسٹاف نے ٹیم کی اس شاندار کارکردگی کو سخت محنت کا نتیجہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں نے گیم پلان کے مطابق بہترین کھیل پیش کیا اور ٹیم ورک نے اس بڑی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
کوالیفائنگ راؤنڈ کے گروپ بی میں پاکستان اب تک پانچ میں سے تین میچ جیت چکا ہے، اور اسی کارکردگی کے باعث پاکستان کی سب سے بڑی فتح ٹیم کے مستقبل کے لیے امید کی نئی کرن بن گئی ہے۔ شائقین کو اب اگلے میچوں میں بھی ٹیم سے اچھی کارکردگی کی توقع ہے۔











