غیر ملکی لیگز میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شمولیت، پی سی بی نے واضح پالیسی جاری کر دی

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹرز کے غیر ملکی ٹی ٹوینٹی لیگز میں کھیلنے کے معاملے پر واضح ہدایات جاری کر دیں۔ ذرائع کے مطابق جو کھلاڑی سری لنکا سیریز یا آسٹریلیا کے ساتھ قومی ٹیم کے لیے منتخب ہوں گے، انہیں نیشنل ڈیوٹی کے لیے دستیاب رہنا ہوگا۔
پی سی بی نے بتایا کہ غیر ملکی لیگز کے لیے کھلاڑیوں کو مشروط این او سی جاری کی جاتی ہے، جس کے تحت اگر کوئی کھلاڑی قومی ٹیم میں منتخب ہوتا ہے تو اسے فوری طور پر قومی ڈیوٹی کے لیے دستیاب رہنا پڑتا ہے۔ اس دوران این او سی رکھنے والے کھلاڑیوں کو لیگ چھوڑنے کی ہدایت دی جاتی ہے۔
ذرائع کے مطابق بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کے لیے بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین آفریدی، حارث رؤف، شاداب خان اور حسن علی کو این او سی جاری کی گئی ہے، جو 14 دسمبر سے 28 جنوری تک مؤثر ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں : پی سی بی نے قومی کرکٹرز کے این او سی معطل کردیے
اس دوران پاکستان ٹی ٹوینٹی ٹیم تین میچز کی سیریز کے لیے سری لنکا جائے گی۔ میچز 7، 9 اور 11 جنوری کو دمبولا میں کھیلے جائیں گے۔ یہ سیریز ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ 2026 کی تیاری کے سلسلے میں رکھی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم میں منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کو سری لنکا سیریز میں شامل ہونے سے استثنیٰ دینا کم امکان ہے۔ جنوری کے آخر میں ٹی ٹوینٹی سیریز کے لیے آسٹریلیا کا دورہ بھی متوقع ہے۔
اس دوران دیگر کرکٹرز جیسے فخر زمان، نسیم شاہ اور حسن نواز کو آئی ایل ٹی ٹوینٹی لیگ کے لیے این او سی جاری کی گئی ہے، جو 4 جنوری تک مؤثر ہے۔











