صدر آصف زرداری کا این ڈی یو کا دورہ، نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکا سے خطاب

اسلام آباد: صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) میں 27ویں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ورکشاپ میں ارکانِ پارلیمنٹ، اعلیٰ سول و عسکری حکام، ماہرینِ تعلیم اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ ورکشاپ کا بنیادی مقصد جامع قومی سلامتی کے تصور کے تحت ریاستی طاقت کے مختلف عناصر کے باہمی تعلق اور عملی تقاضوں کا تفصیلی جائزہ لینا تھا۔
اپنے خطاب میں صدر نے ورکشاپ کی کامیاب تکمیل پر شرکا کو مبارکباد پیش کی اور قومی سلامتی سے متعلق آگاہی اور تجزیاتی صلاحیت کے فروغ میں اُن کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ سیکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے مدبرانہ قیادت، قومی اتحاد اور پالیسیوں میں مضبوط ہم آہنگی ناگزیر ہے۔
29 November, 2025:
The President of Pakistan, Mr. Asif Ali Zardari, visited the National Defence University (NDU), Islamabad, today and addressed the participants of the 27th National Security Workshop (NSW-27).@AmirSaeedAbbasi @OfficialDGISPR pic.twitter.com/xuvCo9evSc— Media Talk (@mediatalk922) November 29, 2025
صدر آصف زرداری نے یہ بھی کہا کہ نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ جیسے پلیٹ فارم قومی سطح پر مکالمے کے فروغ، ادارہ جاتی صلاحیت میں اضافے اور قومی سلامتی کے ایک متحد اور ہم آہنگ نقطہِ نظر کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر صدرِ مملکت نے شرکا میں اسناد بھی تقسیم کیں۔













