04:13 , 19 جون 2026
Watch Live

پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس، سلمان اکرم راجہ پر عدم اعتماد کا اظہار

سلمان اکرم راجہ

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس جاری ہوا جس میں اراکین نے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ پر عدم اعتماد کا اظہار کیا اور ان کے خلاف تحریک پیش کرنے کا فیصلہ کیا۔

ذرائع کے مطابق اراکین نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ ایک غیر سیاسی شخص ہیں اور وہ سیکرٹری جنرل کے عہدے کے لیے موزوں نہیں ہیں، کیونکہ وہ پارٹی کے اہم پیغامات اور رہنماؤں کے فیصلوں کو درست طریقے سے منتقل نہیں کر رہے۔

اجلاس میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ سلمان اکرم راجہ نے کئی اہم پارٹی رہنماؤں، جن میں علی ظفر، عالیہ حمزہ اور مشال یوسفزئی شامل ہیں، کے ساتھ اختلافات اور لڑائیاں کی ہیں، اور بعض معاملات میں گالم گلوچ بھی کی گئی۔

اراکین نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ کے لیگل کمیٹی کے سربراہ بننے کے بعد سے پارٹی کے بانی سے ملاقاتیں نہیں ہو رہی ہیں، جبکہ انہیں احتجاج کی کال دینے کی ذمہ داری دی گئی تھی مگر نومبر میں کوئی کال نہیں دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں : سلمان اکرم راجہ کا پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل کے عہدے سے استعفیٰ

اجلاس کے دوران اراکین کے درمیان آپس میں بھی سخت اختلافات سامنے آئے اور لفظی گولہ باری کے واقعات بھی پیش آئے، جس سے پارٹی میں کشیدگی مزید بڑھ گئی۔

اراکین نے زور دیا کہ سلمان اکرم راجہ کو سیکرٹری جنرل کے عہدے سے ہٹایا جائے کیونکہ ان کے پاس صرف پارٹی کے لیگل ہیڈ کی ذمہ داری ہے اور پارٹی کی سیاسی قیادت میں ان کا کردار ناقص ہے۔

ذرائع کے مطابق پارلیمانی پارٹی کے اراکین نے اپنے مؤقف میں کہا کہ اگر پارٹی کے اہم فیصلے اور پیغامات بروقت منتقل نہ ہوئے تو پارٹی کی یکجہتی اور سیاسی حکمت عملی متاثر ہوگی، لہٰذا فوری ایکشن ضروری ہے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION