مولانا ادریس قتل کیس میں اہم پیش رفت، 7 ملزمان گرفتار

پشاور میں جے یو آئی کے سابق رکن اسمبلی مولانا ادریس کے قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں 7 اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
تفتیشی حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کو مردان ڈویژن سے حراست میں لیا گیا ہے اور ان سے تفتیش جاری ہے۔
حکام نے بتایا کہ کیس کی تفتیش کے دوران پشاور، چارسدہ اور نوشہرہ میں جیو فینسنگ کا عمل جاری ہے تاکہ مزید شواہد حاصل کیے جا سکیں۔
تفتیشی ٹیموں کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیجز کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے جس میں مبینہ ٹارگٹ کلر کو چارسدہ سے فرار ہوتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
حکام کے مطابق مشتبہ شخص کو واقعے کے روز چکمنی پشاور اور کوہاٹ روڈ پر موٹرسائیکل پر سفر کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
تحقیقات کے مطابق وہ صبح ساڑھے 5 بجے سروس روڈ کے ذریعے چارسدہ پہنچا۔
تفتیش میں سیف سٹی ٹیم اور دیگر ادارے بھی معاونت کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ مولانا ادریس کو 5 مئی کو چارسدہ میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے شہید کر دیا تھا۔
پولیس اور تحقیقاتی ادارے واقعے میں ملوث تمام افراد کی نشاندہی اور گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔














