سری لنکن کرکٹرز وطن پہنچتے ہی سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے سرگرم

پاکستان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپسی پر سری لنکن کرکٹرز سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے فوراً میدان میں آ گئے۔ ٹیم جیسے ہی کولمبو پہنچی، کھلاڑیوں نے بغیر وقت ضائع کیے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینا شروع کر دیا۔ ان کی یہ کاوش ملک میں بہت سراہائی جا رہی ہے۔
سری لنکا کرکٹ ٹیم پاکستان میں ٹرائی سیریز کھیل کر آج صبح واپس پہنچی۔ وطن پہنچتے ہی کھلاڑیوں اور اسٹاف نے براہِ راست ان علاقوں کا رخ کیا جو حالیہ بارشوں اور سیلاب سے شدید متاثر ہوئے تھے۔ ان کی فوری شرکت نے متاثرہ لوگوں کو حوصلہ اور امید دی۔
ہیڈ کوچ سنتھ جے سوریا کی قیادت میں ٹیم کے کھلاڑی امدادی سرگرمیوں میں بھرپور طریقے سے شریک ہوئے۔ انہوں نے متاثرہ افراد سے ملاقات کی، امدادی سامان کی پیکنگ میں حصہ لیا اور ضرورت مندوں تک سامان پہنچانے میں مدد کی۔ کھلاڑیوں کی یہ موجودگی لوگوں کے لیے ایک سہارا بنی۔
مزید پڑھیں: معین علی نے آئی پی ایل چھوڑ کر پی ایس ایل چن لی
ہیڈ کوچ سنتھ جے سوریا اور کرکٹرز نے امدادی سامان آرمڈ فورسز کے حوالے کیا اور ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ جے سوریا کا کہنا تھا کہ آرمڈ فورسز جس لگن سے کام کر رہی ہیں، قوم اسے کبھی نہیں بھولے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت پوری قوم کے متحد ہونے کا ہے۔
سری لنکا میں سمندری طوفان دتوا کے باعث شدید بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ نے بڑی تباہی مچائی ہے جس میں 366 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ 44 ہزار سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ ایسے مشکل وقت میں سری لنکن کرکٹرز سیلاب متاثرین کی مدد کر کے اپنے ہم وطنوں کا مضبوط سہارا بن رہے ہیں۔











