ویب ڈیسک
|
9 مہینے پہلے
ملک بھر میں تاجروں کی ہڑتال، اسلام آباد میں معمولات جاری

لاہور: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو دیے گئے اضافی اختیارات کے خلاف ملک بھر میں تاجر تنظیموں کی جانب سے آج جزوی اور مکمل ہڑتال کی جا رہی ہے، تاہم اسلام آباد میں کاروباری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں۔
تاجروں کے دو دھڑوں میں تقسیم کے باعث وفاقی دارالحکومت میں مارکیٹیں، دکانیں اور اسٹورز کھلے رہے، جبکہ کراچی، لاہور، حیدرآباد، پشاور، کوئٹہ سمیت کئی شہروں میں شٹر ڈاؤن رہا۔
کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر جاوید بلوانی نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے تحریری یقین دہانی نہ ملنے پر ہڑتال برقرار رکھی گئی۔ جوڑیا بازار، موبائل مارکیٹ، فروٹ منڈی سمیت کئی تجارتی مراکز بند رہے۔ آل پاکستان ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن اور ٹرانسپورٹ تنظیموں نے بھی ہڑتال کی حمایت کی۔
لاہور میں تمام انجمن تاجران کے گروپس ہڑتال میں شریک ہیں۔ شاہ عالم مارکیٹ، اکبری منڈی، انار کلی، مال روڈ، ہال روڈ، گلبرگ، ڈیفنس، شالامار، مغلپورہ، مصری شاہ، نیلا گنبد سمیت تقریباً تمام بڑے تجارتی علاقے بند رہے۔
تاجر رہنما حاجی مقصود بٹ نے کہا کہ آج کی ہڑتال کامیاب رہی، ایف بی آر کے ناجائز اختیارات کو تسلیم نہیں کریں گے۔
حیدرآباد میں اناج منڈی، گل سینٹر، تلک چاڑی، الیکٹرانکس مارکیٹ اور کینٹ بازار مکمل بند رہے، جبکہ کچھ علاقوں میں جزوی کاروبار جاری رہا۔ پشاور، کوئٹہ اور دیگر شہروں سے بھی شٹر ڈاؤن کی اطلاعات موصول ہوئیں۔











