06:09 , 23 جون 2026
Watch Live

متحدہ عرب امارات کی فلسطینیوں کے لیے ایک کروڑ خوراک پیکٹس کی امدادی مہم کا آغاز

متحدہ عرب امارات کی فلسطینیوں کے لیے ایک کروڑ خوراک پیکٹس کی امدادی مہم کا آغاز

دبئی: متحدہ عرب امارات نے فلسطینی عوام، خصوصاً غزہ کے متاثرین کے لیے خوراک کے ایک کروڑ پیکٹس کی بڑی امدادی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ مہم اس وقت شروع ہوئی جب دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے یو اے ای کے عوام سے فلسطینی بھائیوں کی مدد کی اپیل کی۔

دبئی ایکسپو سٹی میں خوراک کی پیکنگ کا عمل تیزی سے جاری ہے، جہاں ہزاروں رضاکار روزانہ کی بنیاد پر امدادی پیکٹس تیار کر رہے ہیں۔ حکام کے مطابق رضاکار 7 دسمبر کو خصوصی طور پر جمع ہوں گے تاکہ غزہ کے بچوں کے لیے فوری امداد تیار کی جا سکے۔

اسی دوران شیخ محمد ہیومینیٹیرین شپ بھی جلد غزہ کے لیے روانہ ہوگی، جو خصوصی امداد اور ضروری سامان لے کر جائے گی۔

متحدہ عرب امارات کی جانب سے فلسطین کے لیے امداد کا یہ سلسلہ نیا نہیں۔ گزشتہ دو سالوں میں یو اے ای 8700 سے زائد ٹرک غزہ بھیج چکا ہے، جن کے ذریعے 16 لاکھ سے زیادہ امدادی پیکجز پہنچائے گئے۔ امارات کی فلاحی مہم الفارس الشہم تھری کے تحت 250 امدادی قافلے بھی روانہ کیے گئے۔

غزہ کی خواتین اور بچوں کے لیے بھی خصوصی امدادی پیکجز تیار کیے گئے جن میں غذائی سامان، طبی سپورٹ اور روزمرہ استعمال کی اشیاء شامل تھیں۔ اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات نے غزہ کے لیے 33 ایمبولینسیں، ایک فیلڈ کلینک، پانی کی فراہمی اور انفرا اسٹرکچر سپورٹ بھی فراہم کی۔

یو اے ای حکام کا کہنا ہے کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر یہ مہم اس وقت جاری رکھی جائے گی جب تک فلسطینی عوام کو مکمل معاونت فراہم نہیں ہو جاتی۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION