امریکا کی سفری پابندیوں کی فہرست میں توسیع، مزید ممالک شامل کیے جانے کا امکان

واشنگٹن: امریکا نے سفری پابندیوں کی فہرست میں شامل ممالک کی تعداد 19 سے بڑھا کر 30 سے زائد کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے، جس کے بعد کئی ملکوں کے شہریوں کے لیے امریکا کا سفر مزید محدود ہو سکتا ہے۔
امریکی ہوم لینڈ سیکیورٹی کی سیکرٹری کرسٹی نائم کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ مزید ممالک پر ممکنہ سفری پابندیوں کے حوالے سے مختلف رپورٹس اور سیکیورٹی سفارشات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
رواں ماہ کے آغاز میں یہ انکشاف سامنے آیا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے قومی سلامتی اور عوامی تحفظ کے خدشات کے پیش نظر 19 غیر یورپی ممالک سے آنے والے تارکین وطن کی امیگریشن درخواستوں کو معطل کر دیا تھا، جس میں گرین کارڈ اور شہریت کی درخواستیں بھی شامل تھیں۔
رائٹرز کے مطابق جون میں ان 19 ممالک پر پہلے سے موجود جزوی سفری پابندیوں کو مزید سخت کیا گیا، جس کے نتیجے میں بعض ملکوں کے شہریوں پر امریکا میں داخلے پر مکمل پابندی بھی نافذ رہی۔
یہ بھی پڑھیں : "سفری پابندیوں کی ڈیڈ لائن پر امریکی محکمہ خارجہ کا اہم بیان سامنے آ گیا”
مکمل پابندی کے شکار ممالک میں افغانستان، برما، چاڈ، جمہوریہ کانگو، استوائی گنی، اریٹریا، ہیٹی، ایران، لیبیا، صومالیہ، سوڈان اور یمن شامل ہیں، جہاں سے امریکا کے سفر پر سخت ترین قدغن برقرار ہے۔
دوسری جانب برونڈی، کیوبا، لاؤس، سیرالیون، ٹوگو، ترکمانستان اور وینیزویلا جیسے ممالک پر جزوی پابندیاں برقرار رکھی گئی ہیں اور ان پر مزید سیکیورٹی مراحل متعارف کرائے گئے ہیں۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ عالمی صورتحال اور سیکیورٹی خطرات کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور مزید ممالک کو فہرست میں شامل کیے جانے کا امکان موجود ہے، تاہم حتمی اعلان آئندہ ہفتوں میں متوقع ہے۔











