کابینہ اجلاس کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کی ’اونگھنے‘ کی ویڈیو وائرل، وائٹ ہاؤس کی وضاحت

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس میں ہونے والے طویل کابینہ اجلاس کے دوران نیند سے لڑتے ہوئے بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی ہے۔ دو گھنٹے 18 منٹ جاری رہنے والی اس میٹنگ میں 79 سالہ صدر متعدد موقعوں پر آنکھیں بند کرتے، جھپکیاں لیتے اور کرسی پر آگے پیچھے جھولتے ہوئے دکھائی دیے۔
وائرل کلپس میں ٹرمپ:
-
کبھی آنکھیں مکمل بند کرتے
-
کبھی جھپکی لیتے
-
اور کبھی توازن برقرار رکھنے کی کوشش کرتے ہوئے نظر آئے
BREAKING: In a stunning moment, Donald Trump has fallen asleep during his own cabinet meeting. This is so embarrassing. pic.twitter.com/fNNHB1E27t
— Democratic Wins Media (@DemocraticWins) December 2, 2025
اجلاس کے دوران کابینہ ارکان مختلف محکموں کی کارکردگی بیان کر رہے تھے جبکہ صدر کی توجہ کم ہونے کی ویڈیوز نے بحث کو مزید بڑھا دیا۔
صدر سے متعلق سوالات کے جواب میں وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیرولین لیویٹ نے دعویٰ کیا کہ:
“صدر پوری توجہ سے سن رہے تھے اور اجلاس کی سربراہی کر رہے تھے۔”
انہوں نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ صدر اجلاس کے دوران سو گئے تھے۔
یہ پہلا موقع نہیں۔ اس سے قبل 6 نومبر کو اوول آفس میں بھی ٹرمپ چند لمحوں کے لیے آنکھیں بند کرتے ہوئے کیمرے کی آنکھ میں ریکارڈ ہو چکے ہیں، جس کے بعد امریکی میڈیا نے صدر کی عمر اور توانائی کے حوالے سے سوالات اٹھائے تھے۔
میٹنگ کے آغاز میں بھی ٹرمپ نے اپنی عمر سے متعلق میڈیا رپورٹس پر ناراضی کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ ان کے خلاف عمر کا بیانیہ جان بوجھ کر بڑھایا جا رہا ہے۔
دباؤ بڑھنے پر وائٹ ہاؤس نے حال ہی میں صدر ٹرمپ کے معالج کی جانب سے کیے گئے ’ایڈوانسڈ امیجنگ ٹیسٹس‘ کی رپورٹ جاری کی، جس میں صدر کی مجموعی صحت کو ’بہترین‘ قرار دیا گیا۔
تاہم ماہرین کے مطابق یہ واضح نہیں کہ کن ٹیسٹس کا حوالہ دیا گیا ہے اور ان کے نتائج کی اصل تفصیلات کیا ہیں۔











