صدر ٹرمپ کو آج بھی فاشسٹ سمجھتا ہوں، ظہران ممدانی

نیو یارک: نیویارک کے نومنتخب میئر ظہران ممدانی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بارے میں جو کچھ انہوں نے پہلے کہا تھا، اس پر وہ آج بھی قائم ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک انٹرویو میں جب ظہران ممدانی سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ صدر ٹرمپ کو فاشسٹ سمجھتے ہیں اور انہیں جمہوریت کا دشمن قرار دیتے ہیں، تو میئر نے واضح جواب دیا کہ جو بیان وہ پہلے دے چکے ہیں، اس پر آج بھی قائم ہیں۔
ظہران ممدانی نے بتایا کہ صدر ٹرمپ سے ملاقات میں نیو یارک سٹی کے مسائل پر کھل کر بات ہوئی۔ ملاقات میں امیگریشن، شہریوں کی رہائش، معیشت اور سیکیورٹی سمیت تمام اہم امور پر گفتگو کی گئی۔
ممدانی نے کہا کہ وہ شہر کو محفوظ بنانے کی پالیسی پر قائم ہیں، تاہم مختلف علاقوں سے امیگریشن حکام کے چھاپوں اور گرفتاریوں کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، جن پر وہ نظر رکھے ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : نیویارک کے میئر ظہران ممدانی کی صدر ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں اہم ملاقات
نیویارک کے نو منتخب میئر ظہران ممدانی نے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے پہلی بار باضابطہ ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
معلومات کے مطابق دونوں رہنماؤں نے شہر کی صورتحال، وفاقی تعاون اور عوامی فلاح کے منصوبوں پر تبادلۂ خیال کیا۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور دونوں جانب سے تعمیری رویّے کا اظہار کیا گیا۔
ملاقات کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران ایک صحافی نے ظہران ممدانی سے سوال کیا کہ "کیا آپ صدر ٹرمپ کو فاشسٹ سمجھتے ہیں؟” تاہم ممدانی کے جواب دینے سے قبل ہی صدر ٹرمپ نے مداخلت کرتے ہوئے مسکراتے ہوئے کہا کہ انہیں اس لفظ سے کوئی اعتراض نہیں۔
ٹرمپ نے کہا، "اگر آپ مجھے فاشسٹ کہنا چاہیں تو کہہ سکتے ہیں، یہ وضاحت دینے سے زیادہ آسان ہے، اور مجھے اس پر کوئی پریشانی نہیں ہوتی۔”











