06:24 , 23 جون 2026
Watch Live

پی ٹی آئی کے بیرونِ ملک رہنماؤں کو پاکستان آ کر سیاسی لڑائی لڑنے کا چیلنج، خواجہ آصف

خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے بیرونِ ملک موجود پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ حقیقت میں سیاسی جدوجہد کرنا چاہتے ہیں تو پاکستان واپس آ کر مقابلہ کریں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کے وہ رہنما جو بیرون ملک بیٹھے ہیں پہلے پاکستان کو لوٹتے رہے اور اب بیرونِ ملک پاکستانیوں سے رقم بٹور کر پُرتعیش زندگی گزار رہے ہیں۔ وزیر دفاع نے چیلنج دیتے ہوئے کہا:

"آئیں، اگر جرأت ہے تو جنگ پاکستان میں آ کر لڑیں۔”

انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ افراد یورپ میں پاکستان کے لیے جی ایس پی پلس تجارتی مراعات کے خلاف لابنگ کر رہے ہیں، جسے وزیر دفاع نے ملک دشمنی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی لڑائیاں پاکستان میں لڑنا ہی اصل جمہوری رویہ ہے۔

خواجہ آصف نے بینظیر بھٹو شہید اور نواز شریف کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے سیاسی جدوجہد میں سخت آزمائشیں برداشت کیں، قید کاٹی اور اُن کے خاندانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، مگر انہوں نے کبھی ریاست یا قومی مفادات کو نقصان پہنچانے کے بارے میں نہیں سوچا۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی سربراہ عمران خان اور ان کے ساتھیوں نے اقتدار کھو دینے کے بعد عالمی مالیاتی فنڈ (IMF) کو خط لکھ کر پاکستان کی معاشی مشکلات میں اضافہ کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایسی کارروائی بھارت کرے تو سمجھ آتی ہے، لیکن خود کو پاکستانی کہنے والے یہ قدم اٹھائیں تو یہ "ننگِ وطن” اور "غداری” کے زمرے میں آتا ہے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION