پی ٹی آئی کے بیرونِ ملک رہنماؤں کو پاکستان آ کر سیاسی لڑائی لڑنے کا چیلنج، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے بیرونِ ملک موجود پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ حقیقت میں سیاسی جدوجہد کرنا چاہتے ہیں تو پاکستان واپس آ کر مقابلہ کریں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کے وہ رہنما جو بیرون ملک بیٹھے ہیں پہلے پاکستان کو لوٹتے رہے اور اب بیرونِ ملک پاکستانیوں سے رقم بٹور کر پُرتعیش زندگی گزار رہے ہیں۔ وزیر دفاع نے چیلنج دیتے ہوئے کہا:
"آئیں، اگر جرأت ہے تو جنگ پاکستان میں آ کر لڑیں۔”
انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ افراد یورپ میں پاکستان کے لیے جی ایس پی پلس تجارتی مراعات کے خلاف لابنگ کر رہے ہیں، جسے وزیر دفاع نے ملک دشمنی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی لڑائیاں پاکستان میں لڑنا ہی اصل جمہوری رویہ ہے۔
پی ٹی آئ کے بھگوڑے جو بیرون ملک بیٹھے ھیں انہوں نے پہلے پاکستان کو لوٹا اور اب بیرون ملک پاکستانیوں سے مال توڑ کر پر تعیش زندگی گزار رہے ھیں۔ آئیں اگر جرات ھے تو جنگ پاکستان میں آ کر لڑیں۔ یورپ میں GSP+کی پاکستان کو سہولت کے خلاف مہم چلا کر غداری کے مرتکب ھو رہے ھیں ۔ پاکستان کی…
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) November 26, 2025
خواجہ آصف نے بینظیر بھٹو شہید اور نواز شریف کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے سیاسی جدوجہد میں سخت آزمائشیں برداشت کیں، قید کاٹی اور اُن کے خاندانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، مگر انہوں نے کبھی ریاست یا قومی مفادات کو نقصان پہنچانے کے بارے میں نہیں سوچا۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی سربراہ عمران خان اور ان کے ساتھیوں نے اقتدار کھو دینے کے بعد عالمی مالیاتی فنڈ (IMF) کو خط لکھ کر پاکستان کی معاشی مشکلات میں اضافہ کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایسی کارروائی بھارت کرے تو سمجھ آتی ہے، لیکن خود کو پاکستانی کہنے والے یہ قدم اٹھائیں تو یہ "ننگِ وطن” اور "غداری” کے زمرے میں آتا ہے۔














