ارشد ندیم ورلڈ اتھلیٹکس چیمپئن شپ سے باہر ہوگئے

پاکستان کے معروف جیولن تھرو کھلاڑی ارشد ندیم ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے فائنل میں اچھی کارکردگی نہ دکھا سکے اور میڈل کے لیے کوالیفائی نہ کر پائے۔
فائنل مرحلے میں ارشد ندیم نے اپنی پہلی باری میں 82.73 میٹر کی تھرو کی جس پر وہ ساتویں نمبر پر رہے۔ دوسری کوشش فاؤل قرار دی گئی جبکہ تیسری باری میں انہوں نے 82.75 میٹر پھینکا۔ تاہم یہ کارکردگی انہیں ٹاپ آٹھ میں جگہ دلانے کے لیے ناکافی رہی۔
ایونٹ کے اصولوں کے مطابق ابتدائی تین باریوں کے بعد صرف بہترین آٹھ کھلاڑیوں کو مزید تین مواقع ملتے ہیں، لیکن ارشد ندیم اس فہرست میں جگہ نہ بنا سکے اور یوں میڈل کی دوڑ سے باہر ہوگئے۔
دوسری جانب بھارت کے نیرج چوپڑا نے پہلی باری میں 83.65 میٹر تھرو کی جبکہ ان کے ہم وطن سچن یادو نے 86.29 میٹر کی شاندار کوشش کی۔
اسٹارٹ لسٹ کے مطابق ارشد ندیم نے تیسرے نمبر پر اپنی تھرو کی، جبکہ ان سے پہلے جیولین ویبر اور اینڈرسن پیٹرز نے اپنے اپنے تھرو کیے۔














