وزیراعلیٰ مریم نواز کا صفائی نظام بہتر بنانے کا فیصلہ

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں صفائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اہم اقدام اٹھا لیا۔ ’’اسمارٹ ویسٹ مینجمنٹ پراسیس‘‘ کے تحت سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں پانچ مختلف رنگوں کے کوڑے دان رکھنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
پنجاب حکومت کے مطابق یہ اقدام پہلے مرحلے میں تعلیمی اداروں میں نافذ ہوگا، جبکہ مقررہ ٹارگٹس کی نگرانی سینئر وزیر ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی مریم اورنگزیب کریں گی۔ وزیرِ تعلیم رانا سکندر اور وزیر لوکل گورنمنٹ ذیشان ملک کو بھی اہداف تفویض کر دیے گئے ہیں۔ 30 ستمبر تک تمام اسکولوں میں رنگ دار کوڑے دان لگانے کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے، جس کے بعد یکم اکتوبر سے معائنہ شروع ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے تحت:
-
پیلا ڈبہ: کاغذ اور ردی کے لیے
-
سبز ڈبہ: بوتلیں، کانچ اور لیبارٹری کا ضائع شدہ سامان
-
سُرمئی ڈبہ: پھلوں کے چھلکے، سبزیاں اور ضائع شدہ کھانا
-
لال ڈبہ: لوہا اور دھات کا کچرا
-
نارنجی ڈبہ: پلاسٹک ویسٹ
ماحولیات کے تحفظ کا ادارہ (ای پی اے) منصوبے کے نفاذ کی نگرانی کرے گا اور مقررہ معیار پر پورا اترنے والے اداروں کو سرٹیفکیٹ بھی جاری کرے گا۔
مزید برآں، پنجاب مینجمنٹ ہیلپ لائن (1139) کے ذریعے تعلیمی ادارے کوڑا اٹھانے کی سہولت حاصل کر سکیں گے، جبکہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ رنگ دار ڈبوں کے انتظام میں معاونت فراہم کرے گا۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس نئے نظام کا مقصد کچرے کی مقدار کم کرنا، ری سائیکلنگ کو فروغ دینا اور ماحول دوست رویوں کو عام کرنا ہے۔
















