06:33 , 15 مئی 2026
Watch Live

معرکہ حق میں بھارت کو ہر محاذ پر شکست دی: ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ احمد شریف چودھری نے معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو ہر محاذ پر شکست دی اور دشمن کا بیانیہ ناکام بنا دیا۔

پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے سینئر افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے عسکری قیادت کے وژن کے مطابق پیشہ ورانہ مہارت اور حکمت عملی کے ذریعے دشمن کو عبرتناک شکست دی، اور قوم کی توقعات پر پورا اترنے کا عملی ثبوت دیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعے کے فوراً بعد بغیر کسی تحقیقات کے پاکستان پر الزامات عائد کیے گئے، تاہم ایک سال گزرنے کے باوجود بھارت اس حوالے سے کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کر سکا۔ ان کے مطابق بھارت کا دہشت گردی سے متعلق بیانیہ بے بنیاد ثابت ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ شفاف تحقیقات کی پیشکش کی، جبکہ بھارت کی جانب سے مسلسل الزامات اور بیانیہ سازی کی کوششیں کی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری اور خود بھارت کے باشعور حلقے بھی اس معاملے پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ معرکہ حق صرف روایتی جنگ تک محدود نہیں تھا بلکہ یہ فضا، زمین، سمندر اور سائبر سمیت مختلف محاذوں پر لڑی گئی، جہاں پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی حملوں میں عام شہریوں، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ پاکستان نے ہمیشہ ذمہ دارانہ اور پیشہ ورانہ طرز عمل اپنایا۔ ان کے مطابق ایک پیشہ ور فوج کا کام حقائق اور حکمت عملی کے ساتھ جواب دینا ہوتا ہے، نہ کہ جذباتی بیانات دینا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں امن کے لیے تمام ممالک کو ذمہ دارانہ رویہ اپنانا ہوگا، کیونکہ غیر ضروری بیانیہ اور الزامات علاقائی استحکام کو متاثر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION