ڈکی بھائی کا 100 دن بعد خاموشی توڑنے کا اعلان

معروف یوٹیوبر سعد الرحمان، جنہیں سوشل میڈیا پر “ڈکی بھائی” کے نام سے جانا جاتا ہے، نے جوا ایپس کیس میں گرفتاری اور رہائی کے ایک سو دن بعد آخرکار خاموشی توڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اعلان نے مداحوں میں نئی دلچسپی پیدا کر دی ہے۔
ڈکی بھائی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس” پر جاری پیغام میں بتایا کہ وہ آج شام 6 بجے ایک اہم بیان جاری کریں گے، جسے وہ ایسا اعلان قرار دیتے ہیں جو لوگ کبھی نہیں بھولیں گے۔ اس پیغام کے بعد ان کے فالورز میں تجسس مزید بڑھ گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ڈکی بھائی سوشل میڈیا سے دور، اہلیہ نے گردش کرتی ویڈیوز کو پرانا قرار دے دیا
واضح رہے کہ 17 اگست کو ڈکی بھائی کو لاہور ایئرپورٹ سے بیرون ملک جاتے ہوئے اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب ان پر الزام عائد ہوا کہ وہ جوا ایپس کے ذریعے منی لانڈرنگ میں ملوث تھے۔
بعد ازاں لاہور ہائیکورٹ نے 26 نومبر کو 10 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ان کی ضمانت منظور کر لی تھی، جس کے بعد وہ قانونی تقاضے مکمل ہونے پر رہا ہوگئے۔
رہائی کے بعد ان کی اہلیہ عروب جتوئی نے انسٹاگرام اسٹوری میں بتایا تھا کہ وہ سوشل میڈیا سے وقفہ لے رہے ہیں اور نہ ہی کوئی نیا مواد بنا رہے ہیں۔ انہوں نے مداحوں سے درخواست کی تھی کہ وہ غیر مصدقہ باتوں پر یقین نہ کریں۔
عروب جتوئی نے مزید کہا تھا کہ ڈکی بھائی جلد بہتر ہونے کے بعد بھرپور انداز میں واپسی کریں گے، اور ان کے بارے میں پھیلائی جانے والی افواہوں کو نظرانداز کیا جائے۔











