محسن نقوی کا اسلام آباد ایئرپورٹ کا اچانک دورہ، امیگریشن نظام بہتر بنانے کے احکامات

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا بغیر اطلاع دورہ کیا، جو تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہا۔
دورے کے دوران انہوں نے امیگریشن عمل، اسٹاف کی دستیابی اور مسافروں کو درپیش مشکلات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ وزیر داخلہ نے بیرونِ ملک روانگی کے منتظر مسافروں سے گفتگو کرکے ان کے تحفظات بھی سنے۔
محسن نقوی نے 7 نومبر کو ایک مسافر کی جانب سے امیگریشن کاؤنٹر پر عملے کی کمی کی شکایت کا سخت نوٹس لیا تھا، جس پر انہوں نے موقع پر ہی انکوائری کی ہدایت دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے صورتحال کی تفصیل جانچنے کا حکم دیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ مستقبل میں ایسے مسائل دوبارہ پیدا نہیں ہونے چاہئیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ درست سفری دستاویزات رکھنے والے مسافروں کو بلاوجہ نہ روکا جائے، البتہ جعلی یا غیر قانونی کاغذات کے ذریعے سفر کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے کیونکہ اس طرح کے اقدامات ملک کی بدنامی کا باعث بنتے ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا اسلام آباد ائیر پورٹ کا اچانک دورہ۔ 2 گھنٹے تک ائرپورٹ پر امیگریشن پراسیس کا جائزہ لیا۔ بیرون ممالک جانے والے مسافروں سے بھی ملے۔ وزیرداخلہ کا ویزا ایجنٹوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم۔امیگریشن عملہ کم ہونے کی شکایت کا سخت نوٹس۔@MohsinnaqviC42 pic.twitter.com/H3vUdyIDVq
— Media Talk (@mediatalk922) November 29, 2025
وزیر داخلہ نے ویزا ایجنٹ مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا اعلان بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فراڈیے ایجنٹس معصوم لوگوں کو ملازمت یا بیرونِ ملک جانے کا جھانسہ دے کر ان کا مستقبل خطرے میں ڈال رہے ہیں، اس لیے ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ غیر تصدیق شدہ یا مشکوک دستاویزات پر کسی بھی مسافر کو سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
محسن نقوی نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ امیگریشن نظام کو مزید شفاف، مؤثر اور مسافر دوست بنایا جائے تاکہ پاکستان کی ساکھ اور مسافروں کے اعتماد کو نقصان نہ پہنچے۔













