کھلا مین ہول حادثہ، نیپاچورنگی میں بچے کی گرتے ہوئے دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آگئی

کراچی: گلشن اقبال کے علاقے میں گٹر میں گر کر بچے کے جاں بحق ہونے کے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) نے سیکرٹری محکمہ بلدیات کو ارسال کر دی ہے۔ واقعہ نیپا چورنگی کے قریب ایک نجی اسٹور کے سامنے پیش آیا تھا۔
سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز عمران راجپوت کی رپورٹ کے مطابق، میئر کراچی کے حکم پر میونسپل سروسز نے بچے کی تلاش کا آپریشن شروع کیا۔ گلشن ٹاؤن کے لنک نالے سے بچے کی لاش برآمد ہوئی، اور معائنے سے پتہ چلا کہ حادثے کی بنیادی وجہ بی آر ٹی تعمیرات تھیں۔
تحقیقاتی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بی آر ٹی کی کھدائی نے نالے کے پورے نکاسی نظام کو شدید نقصان پہنچایا۔ عارضی 2 فٹ کے کور لگا کر گٹروں کو بند کرنے کی کوشش کی گئی تھی، جو غیر معیاری اور خطرناک طریقہ کار تھا۔
رپورٹ کے مطابق، ریڈ لائن منصوبے کی جانب سے ایک جگہ مین ہوم کھلا رہنے کے سبب یہ سانحہ پیش آیا۔ کے ایم سی نے پہلے کبھی ایسا طریقہ کار یا غیرمعیاری ڈھکن استعمال نہیں کیا۔ بی آر ٹی نے کام شروع کرنے سے پہلے کے ایم سی کو آگاہ بھی نہیں کیا۔
کے ایم سی کی تحقیق کے مطابق، حادثے میں نجی ڈپارٹمنٹل اسٹور کی انتظامیہ اور بی آر ٹی دونوں کی مشترکہ غفلت شامل ہے۔ بی آر ٹی نے کھدائی کی اور بعد میں صورتحال کو نظر انداز کیا، جس سے یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افسران کی نگرانی میں کھدائی شدہ تمام حصے بھر دیے گئے ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔












