وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کا ایران امریکا امن معاہدے کے اگلے مرحلے کو آگے بڑھانے پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے ایران امریکا امن معاہدہ کے اگلے مرحلے کو کامیابی سے آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم آفس کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق گفتگو میں خطے میں امن، استحکام اور تعاون کے فروغ پر بھی زور دیا گیا۔
دورانِ گفتگو سعودی ولی عہد نے وزیراعظم شہباز شریف کو ایران اور امریکا کے درمیان معاہدے میں پیش رفت پر مبارک باد دی۔ وزیراعظم نے بھی محمد بن سلمان کو تاریخی اسلام آباد امن معاہدے پر دستخط کی مبارک باد دیتے ہوئے خطے میں امن کے لیے سعودی عرب کے کردار کو سراہا۔
اعلامیے کے مطابق سعودی ولی عہد نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور فوجی قیادت کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں امن معاہدہ کامیابی سے طے پایا۔
مزید پڑھیں: اسحاق ڈار کا انتباہ، بھارت نے پانی کو ہتھیار بنایا تو سنگین نتائج ہوں گے
دونوں رہنماؤں نے معاہدے کے اگلے مرحلے پر قریبی تعاون جاری رکھنے اور مذاکراتی عمل کو کامیاب بنانے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش کے خلاف مکمل طور پر چوکس رہا جائے اور باقی ماندہ مسائل کو بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے حل کیا جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک کی مضبوط حمایت کی بدولت امن معاہدہ چند ماہ میں ممکن ہو سکا۔ انہوں نے سعودی ولی عہد کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور انہیں اپنی سہولت کے مطابق پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔ دونوں رہنماؤں نے آنے والے دنوں میں قریبی رابطے برقرار رکھنے اور ایران امریکا امن معاہدہ کو کامیاب بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔














