اسلام آباد کی سیشن عدالت نے پی ٹی آئی رہنما شہزاد اکبر کو اشتہاری قرار دے دیا

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہزاد اکبر کو باقاعدہ طور پر اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
عدالت کی جانب سے جاری تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ شہزاد اکبر کو متعدد بار طلب کیا گیا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے، جس کے بعد قانون کے مطابق اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کی گئی۔
عدالتی ریکارڈ کے مطابق شہزاد اکبر کے خلاف درج مقدمے کا چالان پہلے ہی عدالت میں جمع کروایا جا چکا ہے، تاہم ملزم کے غیر حاضر رہنے پر کارروائی کو آگے نہیں بڑھایا جا سکا۔
شہزاد اکبر کے خلاف درج مقدمہ سوشل میڈیا پر متنازع بیانات کی بنیاد پر قائم کیا گیا تھا، جبکہ این سی سی آئی اے نے جولائی 2025 میں ان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان نے برطانیہ سے شہزاد اکبر اور عادل راجہ کی حوالگی کی باضابطہ درخواست کر دی
واضح رہے کہ پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے کے بعد شہزاد اکبر برطانیہ روانہ ہو گئے تھے جہاں وہ مستقل شہریت رکھتے ہیں، اور حال ہی میں ان پر لندن میں تیزاب پھینکنے کا واقعہ بھی پیش آیا تھا۔
حکومت پاکستان نے برطانیہ سے شہزاد اکبر اور عادل راجہ کی حوالگی کا باقاعدہ مطالبہ بھی کر رکھا ہے جس کے لیے متعلقہ دستاویزات چند روز قبل برطانوی حکام کے سپرد کیے گئے تھے۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ بیرون ملک بیٹھ کر ریاست مخالف پروپیگنڈا پھیلانے والوں کو جلد وطن واپس لایا جائے گا اور انہیں اپنے ہر بیان اور عمل کا قانونی جواب دینا ہوگا۔












