ریاض سے اسلام آباد جانے والی پرواز کی کراچی میں ہنگامی لینڈنگ

ریاض سے اسلام آباد جانے والی نجی ایئرلائن کی ایک پرواز کو دورانِ سفر ایک مسافر کی اچانک طبیعت خراب ہونے کے باعث کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ واقعے کے بعد مسافر کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔
حکام کے مطابق پرواز سعودی دارالحکومت ریاض سے روانہ ہو کر اسلام آباد جا رہی تھی کہ راستے میں مسافر کی حالت غیر ہوگئی۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) حکام کا کہنا ہے کہ مسافر کی طبیعت ایران کی فضائی حدود میں خراب ہوئی، جس پر کپتان نے فوری طور پر ہنگامی صورتحال کا اعلان کیا۔
پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرول کراچی سے رابطہ کر کے ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت طلب کی، جسے فوری طور پر منظور کر لیا گیا۔
پاکستان کی افغانستان میں کارروائی، دہشتگردوں کے 7 ٹھکانے نشانہ بنایا گیا
اجازت ملنے کے بعد طیارے کو بحفاظت کراچی ایئرپورٹ پر اتارا گیا۔ ایئرپورٹ پر میڈیکل ٹیم پہلے سے موجود تھی تاکہ مسافر کو فوری امداد فراہم کی جا سکے۔
لینڈنگ کے فوراً بعد متاثرہ مسافر کو ابتدائی طبی امداد دی گئی اور مزید معائنے کے لیے قریبی اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
حکام کے مطابق تمام مسافر محفوظ رہے اور پرواز کے شیڈول کو صورتحال کے مطابق ازسرِنو ترتیب دیا گیا۔ واقعے کی مزید تفصیلات اور مسافر کی صحت کے حوالے سے اپڈیٹ کا انتظار ہے۔
















