شاہ عبدالطیف بھٹائی کے مزار کے مرکزی گیٹ سے چاندی چوری کرنے والا ملزم گرفتار

سندھ کے عظیم صوفی بزرگ شاہ عبدالطیف بھٹائی کے مزار سے چاندی چوری کرنے والا ملزم پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ واقعہ مزار کے مرکزی داخلی دروازے پر پیش آیا، جہاں چاندی کی تہہ کاٹ کر اسے چوری کیا گیا تھا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق واردات کی اطلاع ملتے ہی وزیر اوقاف سندھ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے درگاہ کے منیجر کو معطل کر دیا اور معاملے کی شفاف انکوائری کا حکم بھی جاری کر دیا۔ حکام کے مطابق غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا جس میں ملزم کی موجودگی واضح دیکھی گئی۔ فوٹیج کی مدد سے چور کی شناخت کی گئی، جس کے بعد انور ماچھی نامی ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔
گرفتاری کے بعد پولیس نے اس کے قبضے سے مسروقہ چاندی بھی برآمد کر لی، جس کے باعث کیس کے تمام شواہد مکمل ہو گئے ہیں۔ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ معلوم ہو سکے کہ اس نے اکیلے یہ واردات کی یا کسی نیٹ ورک کا حصہ تھا۔
یہ بھی پڑھیں : جج کے چیمبر سے سیب اور ہینڈ واش چوری، پاکستانی تاریخ کا سب سے دلچسپ مقدمہ درج
واضح رہے کہ شاہ عبدالطیف بھٹائی کے مزار کا مرکزی دروازہ صندل کی لکڑی سے بنایا گیا ہے جس پر چاندی کی تہہ چڑھائی گئی ہے۔ ملزم نے اسی چاندی کو اوزار کی مدد سے کاٹ کر چوری کیا تھا۔
مزار انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ دروازہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے اور اس قسم کی واردات نہ صرف توہین ہے بلکہ مزار کی سیکورٹی پر بھی سوالات اٹھاتی ہے۔ اس واقعے کے بعد مزار کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزم کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ عوام نے بھی کارروائی کو سراہا اور مزار کی حفاظت کے لیے مزید سخت اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔











