توشہ خانہ: اکتوبر تا دسمبر 2025 کے تحائف کی مکمل فہرست جاری

اسلام آباد: کابینہ ڈویژن نے اکتوبر تا دسمبر 2025 کی سہ ماہی کے لیے توشہ خانہ کے تحائف کا تفصیلی ریکارڈ جاری کر دیا ہے۔ اس کے مطابق تمام وصول کنندگان نے موصولہ تحائف توشہ خانہ میں جمع کروا دیے ہیں۔
دستاویزات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، بلاول بھٹو زرداری، فرسٹ لیڈی، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر آئی ٹی شزاہ فاطمہ، وزیر بجلی اویس لغاری، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ شامل ہیں۔
اسی طرح معاون خصوصی طارق فاطمی، صدر کے ملٹری سیکرٹری، صدر کے ترجمان مرتضیٰ سلنگی، آڈیٹر جنرل آف پاکستان، وزیر مملکت ریلویز و خزانہ مشرف زیدی، ڈی جی منرلز ڈاکٹر نواز احمد ورک، سیکریٹری اقتصادی امور، سیکریٹری آئی ٹی اور صدر کے اے ڈی سی سمیت دیگر شخصیات بھی تحائف کی وصول کنندگان میں شامل ہیں۔
توشہ خانہ میں موصولہ تحائف میں روزہ رسول، خانہ کعبہ اور مکہ مکرمہ کے ماڈلز، پینٹنگز، پرفیومز، شیلڈز، کارپٹس، ٹی سیٹس، تلواریں، خنجر، گلدان، گھڑیاں، ڈیکوریشن پیسز، سعودی کافی، کتابیں، رائل کیپس، یادگاریں، ٹیبل واچ، میٹرو بس کے ماڈلز، قہوہ پاٹ، شرٹس، میوزیکل انسٹرومنٹس، کمبل، اسکارف اور ٹائی وغیرہ شامل ہیں۔
وزیر اعظم شہباز اور آصفہ بھٹو نے تحفے میں ملنے والی گاڑیاں توشہ خانہ میں جمع کرا دیں
کابینہ ڈویژن کے مطابق وصول کنندگان نے اکتوبر تا دسمبر 2025 میں موصول تمام تحائف توشہ خانہ میں جمع کر دیے ہیں اور اس کے تخمینہ اور دستاویزی عمل بھی جاری ہے۔
دستاویزات میں تحائف دینے والوں کے نام شامل نہیں کیے گئے، جبکہ گزشتہ مالی سال کی آخری ششماہی جنوری تا جون 2025 کے ریکارڈ میں تحائف دینے والے غیر ملکی اور ملکی شخصیات کے نام بھی درج تھے۔
وفاقی حکومت نے عوامی شفافیت کے لیے یہ ریکارڈ جاری کیا ہے تاکہ توشہ خانہ کی کارکردگی اور وصول شدہ تحائف کے بارے میں تفصیلات عوام کے سامنے آئیں۔














