02:42 , 1 مئی 2026
Watch Live

کراچی میں “پاپا گینگ” کا مبینہ سرغنہ رینجرز کے ہاتھوں گرفتار

کراچی پاپا گینگ گرفتار
کراچی پاپا گینگ گرفتار

کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں سندھ رینجرز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ایک بڑے جرائم پیشہ گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم نوّمان احمد عرف “پاپا” شاہ فیصل کالونی، کورنگی، گلستانِ جوہر، ملیر اور دیگر علاقوں میں ہونے والی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔

رینجرز کے بیان کے مطابق ملزم “پاپا گینگ” کا سربراہ تھا اور اس کے قبضے سے چھینے گئے دو موبائل فون اور ایک موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔ ملزم پر الزام ہے کہ وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اسٹریٹ کرائم، ڈکیتی، موٹر سائیکل اور موبائل فون چھیننے سمیت فائرنگ اور پولیس مقابلوں میں بھی ملوث رہا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ ملزم نے اپنے اعترافی بیان میں کہا ہے کہ وہ پہلے بھی پولیس مقابلے میں زخمی ہو کر فرار ہو چکا ہے۔ اس کے علاوہ وہ پنجاب میں بھی ڈکیتی کے مقدمات میں گرفتار رہ چکا ہے اور اس کے خلاف کراچی اور پنجاب کے مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں۔

تیل مہنگا، مہنگائی کا دباؤ بڑھنے لگا

رینجرز کے مطابق یہ گروہ تقریباً 200 سے 250 ڈکیتیوں، 40 سے 50 موٹر سائیکلوں اور 300 سے 400 موبائل فون چھیننے کے واقعات میں ملوث رہا ہے، جبکہ نقدی کی مد میں بھی لاکھوں روپے کی وارداتیں کی گئیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اس گروہ کے دو دیگر ساتھی پہلے ہی رینجرز کے ہاتھوں گرفتار ہو کر جیل بھیجے جا چکے ہیں، جبکہ مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

گرفتار ملزم کو برآمد شدہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ایسے جرائم پیشہ عناصر کی اطلاع قریبی چیک پوسٹ یا ہیلپ لائن پر دیں، اور اطلاع دینے والوں کی شناخت صیغہ راز میں رکھی جائے گی۔

 

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION