خلاباز کی طبیعت ناساز، ناسا نے آئی ایس ایس مشن قبل از وقت ختم کرنے کا اعلان

امریکی خلائی ادارے ناسا نے ایک خلاباز کی طبیعت ناساز ہونے پر بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) پر جاری اپنا خلائی مشن قبل از وقت ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ناسا کے مطابق آئی ایس ایس پر موجود چار خلابازوں پر مشتمل کریو کو مشن مکمل ہونے سے قبل زمین پر واپس بلایا جا رہا ہے، جس کے باعث یہ مشن اپنی مقررہ مدت سے تقریباً ایک ماہ پہلے ختم ہو جائے گا۔
خلائی ادارے نے تصدیق کی ہے کہ کریو کی واپسی کا فیصلہ ایک خلاباز کی طبیعت ناساز ہونے کے باعث کیا گیا، تاہم بیمار خلاباز کی شناخت اور طبی پیچیدگیوں کی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔
ناسا کا کہنا ہے کہ متاثرہ خلاباز کی صحت اب تسلی بخش ہے اور طبی ماہرین مسلسل اس کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ کسی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔
ناسا نے 10 نئے خلاباز امیدواروں کا اعلان کر دیا
ناسا کے چیف ہیلتھ اینڈ میڈیکل آفیسر ڈاکٹر جیمز پولک کے مطابق ادارے کی 65 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی طبی مسئلے کے باعث خلائی مشن کو قبل از وقت ختم کیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چار رکنی اس ٹیم کو “کریو 11” کہا جاتا ہے، جس میں ناسا کے خلاباز زینا کارڈمین اور مائیک فنک، جاپان کی خلائی ایجنسی جیکسا کے کیمیا یوئی اور روسی خلاباز اولیگ پلاٹونوف شامل ہیں۔
کریو 11 گزشتہ سال اگست میں اسپیس ایکس کے کریو ڈریگن خلائی جہاز کے ذریعے آئی ایس ایس کے لیے روانہ ہوا تھا اور اس مشن کی مدت تقریباً چھ ماہ رکھی گئی تھی، تاہم اب اسے صحت کے خدشات کے پیش نظر جلد ختم کیا جا رہا ہے۔















