اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کی روزمرہ مصروفیات کی تفصیلات سامنے آ گئیں

اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی کی روزانہ کی مصروفیات سے متعلق تفصیلات ایک رپورٹ میں سامنے آ گئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق وہ روزانہ صبح پونے دس بجے ناشتہ کرتے ہیں۔
ناشتے میں ایک کپ کافی، دلیہ اور چند کھجوریں شامل ہوتی ہیں۔ ناشتے کے بعد وہ تقریباً ایک گھنٹہ قرآن خوانی میں مصروف رہتے ہیں۔
قرآن خوانی کے بعد دستیاب مشینوں کے ذریعے ورزش کرتے ہیں، جس کے بعد سوا ایک بجے نہاتے ہیں۔ نہانے کے بعد وہ کچھ وقت جیل کمپاؤنڈ میں بیٹھ کر گزارتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی ساڑھے تین سے چار بجے کے درمیان دوپہر کا کھانا کھاتے ہیں۔ شام ساڑھے پانچ بجے دوبارہ واک کرتے ہیں، جس کے بعد رات اور صبح دس بجے تک سیل میں ہی رہتے ہیں۔
دوپہر کے کھانے کے لیے وہ ایک ہفتے کا پیشگی پلان فراہم کرتے ہیں، جس کے اخراجات ان کی فیملی ادا کرتی ہے۔ ہفتہ وار مینو میں دو دن مرغی، دو دن گوشت اور دو دن دال یا اسنیکس شامل ہوتے ہیں۔
پینے کے لیے منرل واٹر کی بوتل فراہم کی جاتی ہے، جبکہ رات کے کھانے کے لیے کوئی خاص انتظام نہیں ہوتا۔ رپورٹ کے مطابق وہ عموماً رات کا کھانا نہیں کھاتے بلکہ فروٹ، دودھ اور کھجوروں پر اکتفا کرتے ہیں۔











