اسرائیل کی لبنان میں جنگ بندی خلاف ورزیاں جاری

اسرائیل لبنان جنگ بندی خلاف ورزیاں مسلسل جاری ہیں جس سے خطے میں کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جنوبی لبنان کے متعدد علاقوں کو نشانہ بنایا ہے۔
لبنانی حکام کا کہنا ہے کہ جنگ بندی سے پہلے اسرائیلی حملوں میں تقریباً 40 ہزار مکانات مکمل طور پر تباہ یا شدید متاثر ہوئے۔
ایک اور واقعے میں اقوام متحدہ کے امن مشن میں شامل فرانسیسی فوجی بھی اسرائیلی حملے میں ہلاک ہو گیا جس سے عالمی سطح پر تشویش میں اضافہ ہوا۔
دوسری جانب جنوبی لبنان میں جھڑپوں کے دوران ایک اسرائیلی فوجی ہلاک جبکہ 9 سے زائد زخمی ہو گئے، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے ان خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امن مشن پر حملے ناقابل قبول ہیں اور فوری طور پر انہیں روکا جانا چاہیے۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے لبنان کے اندر ایک خود ساختہ "یلو لائن” قائم کر دی ہے، جبکہ دیہات میں گولہ باری، فائرنگ اور گھروں کی تباہی کا سلسلہ جاری ہے جس سے صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے۔










