حسنین رضا نے سری لنکا میں ورلڈ پاور لفٹنگ چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیت لیا

سری لنکا کے شہر کولمبو میں 27 سے 30 نومبر تک ہونے والی ورلڈ پاور لفٹنگ چیمپئن شپ میں پاکستان کے پاور لفٹر حسنین رضا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ماسٹر 2 کیٹیگری میں گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔
حسنین رضا نے 94 کلوگرام وزن کی کیٹیگری میں مقابلہ کیا اور اپنی بہترین پرفارمنس کے ذریعے تمام حریفوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔
انہوں نے 250 کلوگرام ڈیڈ لفٹ سمیت مجموعی طور پر 570 کلوگرام وزن اٹھا کر سونے کا تمغہ جیتا۔
یہ کامیابی پاکستانی کھیلوں کے لیے فخر کا لمحہ ہے اور ملک کی عالمی سطح پر طاقتور پرفارمنس کا ثبوت ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ارشد ندیم ورلڈ اتھلیٹکس چیمپئن شپ سے باہر ہوگئے
پاکستان کے معروف جیولن تھرو کھلاڑی ارشد ندیم ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے فائنل میں اچھی کارکردگی نہ دکھا سکے اور میڈل کے لیے کوالیفائی نہ کر پائے۔
فائنل مرحلے میں ارشد ندیم نے اپنی پہلی باری میں 82.73 میٹر کی تھرو کی جس پر وہ ساتویں نمبر پر رہے۔ دوسری کوشش فاؤل قرار دی گئی جبکہ تیسری باری میں انہوں نے 82.75 میٹر پھینکا۔ تاہم یہ کارکردگی انہیں ٹاپ آٹھ میں جگہ دلانے کے لیے ناکافی رہی۔
ایونٹ کے اصولوں کے مطابق ابتدائی تین باریوں کے بعد صرف بہترین آٹھ کھلاڑیوں کو مزید تین مواقع ملتے ہیں، لیکن ارشد ندیم اس فہرست میں جگہ نہ بنا سکے اور یوں میڈل کی دوڑ سے باہر ہوگئے۔













