نیپا واقعے کے بعد گلشن اقبال میں ٹاؤن چیئرمین کے خلاف احتجاجی مہم شروع

کراچی کے علاقے نیپا میں 3 سالہ بچے کے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے کے المناک واقعے کے بعد گلشن اقبال ٹاؤن میں ٹاؤن چیئرمین کے خلاف احتجاجی مہم شدت اختیار کر گئی ہے۔
علاقے کے مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت گلشن اقبال کے مختلف مقامات پر کھلے مین ہولز اور کچرے کے ڈھیروں کے پاس ٹاؤن چیئرمین کی تصاویر آویزاں کردی ہیں، جن پر مختلف تنقیدی جملے درج ہیں۔
تصاویر پر "منجانب اہل علاقہ”، "تلاشِ گمشدہ”، اور "عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کرو” جیسے نعرے نمایاں طور پر تحریر ہیں، جو شہریوں کے غم و غصے کی واضح عکاسی کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : کھلا مین ہول حادثہ، نیپاچورنگی میں بچے کی گرتے ہوئے دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آگئی
مکینوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں کھلے گٹرز اور ناقص صفائی کا مسئلہ مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے، جس کے باعث جان لیوا حادثات جنم لے رہے ہیں، مگر انتظامیہ متحرک نظر نہیں آتی۔
دوسری جانب گلشن اقبال ٹاؤن کے چیئرمین نے بیان میں خود کو مین ہولز کے ڈھکن لگانے کی ذمہ داری سے بری الذمہ قرار دیا، جس پر شہریوں نے شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے انتظامی ناکامی قرار دیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے شاہ فیصل کالونی سے تعلق رکھنے والا تین سالہ ابراہیم نیپا کے قریب کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگیا تھا، جس کے بعد شہر میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔













