راولپنڈی میں مبینہ پولیس مقابلے میں تین ڈاکو ہلاک

راولپنڈی میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث تین مبینہ ڈاکو پولیس کے ساتھ مقابلے میں ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے مطابق یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب ملزمان کی گرفتاری کے لیے آپریشن شروع کیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ملزمان گزشتہ روز اڈیالہ روڈ پر ایک ڈکیتی کی واردات میں ملوث تھے، جہاں انہوں نے مزاحمت کے دوران فائرنگ کر کے ایک دکاندار کو قتل کر دیا تھا۔ واقعے کے بعد پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کیا۔
حکام کے مطابق کارروائی کے دوران جب پولیس ٹیم نے مشتبہ افراد کو روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی کارروائی میں تینوں ملزمان موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ پولیس نے موقع سے اسلحہ بھی برآمد کیا ہے۔
پہلی پاکستانی سائنسدان ڈاکٹر نوشین زیدی نے عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ملزمان ایک منظم گروہ کا حصہ تھے جو اس سے قبل بھی اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔ ان کے خلاف مختلف تھانوں میں سیکڑوں مقدمات درج تھے۔
حکام کے مطابق علاقے میں اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے پیش نظر سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
پولیس نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی تاکہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنائی جا سکے۔
















