01:22 , 22 جون 2026
Watch Live

حج 2027 کی رجسٹریشن کل سے شروع ہوگی، وزارت مذہبی امور کا اعلان

حج 2027 کی رجسٹریشن

وزارت مذہبی امور نے حج 2027 کی رجسٹریشن کا باقاعدہ شیڈول جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ رجسٹریشن کا عمل 22 جون سے شروع ہوگا۔

وزارت مذہبی امور کے اعلامیے کے مطابق حج 2027 کے لیے رجسٹریشن پر کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی اور درخواستیں پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر قبول کی جائیں گی۔ سرکاری اور نجی حج اسکیم دونوں کے لیے رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ رجسٹریشن کے بغیر حج 2027 کے لیے درخواست جمع نہیں کرائی جا سکے گی۔ درخواست گزار کے پاس ایسا پاسپورٹ ہونا ضروری ہے جس کی معیاد کم از کم 26 نومبر 2027 تک مؤثر ہو۔ ایک ہی خاندان کے افراد مشترکہ طور پر رجسٹریشن کرا سکیں گے جبکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: قومی اسمبلی نے 43 کھرب 85 ارب روپے سے زائد کے 88 مطالباتِ زر منظور کر لیے

وزارت کے مطابق حج رجسٹریشن ملک بھر کے نامزد بینکوں کے ذریعے کرائی جا سکے گی۔ اس کے علاوہ عازمین اپنے گھروں سے آن لائن رجسٹریشن بھی مکمل کر سکیں گے۔ رجسٹریشن کے بعد ہی سرکاری یا نجی حج اسکیم کے انتخاب کا مرحلہ ممکن ہوگا۔

وزارت مذہبی امور نے خواہشمند عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ طریقہ کار کے مطابق بروقت رجسٹریشن مکمل کریں تاکہ حج 2027 کی رجسٹریشن کے لیے درخواست دینے کے اہل قرار دیے جا سکیں۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION