آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ مکمل، وزیر خزانہ کا اعلان

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی پالیسیوں میں بہتری آرہی ہے اور آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت معاشی استحکام کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور یہ معاہدہ مستقبل کی معاشی مضبوطی کے لیے اہم پیش رفت ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر خزانہ نے بتایا کہ حکومت ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر مسلسل کام کر رہی ہے اور ان اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ہفتے این ایف سی ایوارڈ سے متعلق اجلاس بھی ہوگا جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ برآمدات میں مجموعی طور پر اضافہ ہوا ہے جبکہ مینوفیکچرنگ کے شعبے میں بھی بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ ان کے مطابق ادائیگیوں کے توازن اور کرنٹ اکاؤنٹ کی بہتری پائیدار ترقی کے لیے اہم عناصر ہیں، اسی لیے حکومت ان شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
مزید پڑھیں: ایف بی آر کی ٹیکس وصولیوں میں مسلسل چوتھا ماہ خسارہ
انہوں نے مزید کہا کہ آئی ٹی سیکٹر مسلسل ترقی کر رہا ہے۔ ترسیلات زر میں اضافہ خوش آئند ہے اور پالیسی ریٹ کم ہونے سے قرضوں کی ادائیگی میں بھی آسانی پیدا ہوئی ہے۔ حکومت نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے تاکہ معاشی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جاسکے۔
وزیر خزانہ کے مطابق حکومت جلد پانڈا بانڈ جاری کرنے جا رہی ہے اور ”پاکستان فرسٹ“ کے ایجنڈے پر یکسوئی سے کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے آخر میں ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ ملک کی معاشی سمت درست ہے اور آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ اس سفر کا اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔











