فائر سیفٹی آگاہی مہم: مسافر اور مال بردار گاڑیوں میں آگ بجھانے والے آلات لازمی قرار

موٹروے پولیس نے شہریوں، مسافروں اور ان کے مال و اسباب کے تحفظ کے لیے ملک گیر فائر سیفٹی آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس فائر سیفٹی آگاہی مہم کا مقصد قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنانا اور آگ لگنے کے واقعات سے بچاؤ کو یقینی بنانا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق اس مہم کے تحت قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر سیفٹی اقدامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں شہریوں کو آگ سے تحفظ کے حوالے سے آگاہی بھی فراہم کی جائے گی۔
ترجمان نے بتایا کہ مسافر اور مال بردار گاڑیوں میں آگ بجھانے والے آلات رکھنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ تمام گاڑیوں میں فعال اور قابل استعمال فائر ایکسٹنگوئشر موجود ہونا ضروری ہوگا تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر کارروائی کی جا سکے۔
مزید پڑھیں: پیپلز پارٹی قیادت نے بڑی ترقیاتی اسکیمیں شروع کرنے کی ہدایت دی، مراد علی شاہ
موٹروے پولیس کے مطابق گاڑی مالکان اور ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نئی ہدایات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں۔ خلاف ورزی کی صورت میں 24 جون کے بعد قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ملک گیر فائر سیفٹی آگاہی مہم 24 جون تک جاری رہے گی، جس کے بعد سخت نفاذی اقدامات کیے جائیں گے۔ حکام کے مطابق اس فائر سیفٹی آگاہی مہم کا بنیادی مقصد سڑکوں پر سفر کو زیادہ محفوظ بنانا اور حادثات کے خطرات کو کم کرنا ہے۔












