ایران کا 24 گھنٹوں میں 4 امریکی میزائل دفاعی ریڈار تباہ کرنے کا دعویٰ

ایرانی پاسداران انقلاب اسلامی نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 امریکی میزائل شکن دفاعی ریڈار تباہ کر دیے گئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی حملوں کے نتیجے میں تل ابیب میں کئی عمارتیں بھی تباہ ہو گئیں۔
ایرانی پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران امریکی میزائل دفاعی نظام کے چار ریڈار نشانہ بنائے گئے۔
اس سے قبل پاسداران انقلاب نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 200 امریکی فوجی ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں۔
ایرانی صدر کا بیان: دباؤ بڑھا تو ردعمل بھی شدید ہوگا
ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق بحرین میں نیول اڈے پر 21 امریکی اہلکار مارے گئے جبکہ تہران ریفائنری پر حملے کے بعد حیفا ریفائنری کو نشانہ بنایا گیا اور ایک امریکی تیل بردار جہاز پر بھی حملہ کیا گیا۔
دوسری جانب اسرائیلی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک 1900 سے زائد زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔
ادھر چینی خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی حملے میں متحدہ عرب امارات کی ایک ٹگ بوٹ سمندر برد ہو گئی جس کے نتیجے میں عملے کے تین افراد لاپتا جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا۔












