پاکستان میں پہلی بار مقامی طور پر ہوسٹ کیا گیا اے آئی ڈیٹا سینٹر اور خودمختار کلاؤڈ متعارف

پاکستان میں مصنوعی ذہانت کے شعبے میں ایک اہم پیشرفت ہوئی ہے، جس کے تحت پہلی بار ملک میں مقامی طور پر ہوسٹ کیا گیا اے آئی ڈیٹا سینٹر اور خودمختار کلاؤڈ متعارف کروا دیا گیا ہے۔ اس اقدام سے صحت، مالیات، عوامی تحفظ، زراعت، مینوفیکچرنگ اور دیگر شعبوں میں AI کے استعمال میں تیزی آنے کی توقع ہے، جبکہ سائبر سیکیورٹی اور ڈیٹا شفافیت بھی مضبوط ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق ٹیلی نار نے ڈیٹا والٹ کے تعاون سے پاکستان میں یہ جدید AI ڈیٹا سینٹر اور خودمختار کلاؤڈ لانچ کیا ہے۔ اس سے مقامی سطح پر جدید AI ایپلیکیشنز کے لیے درکار ہائی پرفارمنس کمپیوٹنگ اور جی پی یوز کی دستیابی ممکن ہوگی، جو کمپیوٹنگ اور AI انفراسٹرکچر کے لیے انتہائی اہم ہیں۔
ڈیٹا والٹ کو نویدیا کے خصوصی جی پی یوز فراہم کرنے کی منظوری حاصل ہے، جو امریکی تجارتی پابندیوں کے باعث عام طور پر چین اور دیگر ممالک کو برآمد نہیں کیے جا سکتے۔ اس منصوبے کے تحت پاکستانی محققین، اسٹارٹ اپس اور کاروباری ادارے جدید AI ٹولز اور LLMs بنانے کے قابل ہوں گے، خاص طور پر اردو اور علاقائی زبانوں کے لیے۔
یہ بھی پڑھیں : دنیا کی پہلی اے آئی وزیر نے ایوان سے خطاب کر کے تاریخ رقم کر دی
مقامی طور پر ہوسٹ کیے جانے والے ڈیٹا سینٹر کے ذریعے حساس معلومات، جیسے مالیاتی لین دین، ہیلتھ کیئر امیجنگ، ٹیلی کام ڈیٹا اور سرکاری ریکارڈ، ملک کے اندر محفوظ رہیں گے۔ اس سے ڈیٹا پرائیویسی، رسائی کنٹرول، آئیڈینٹیٹی منیجمنٹ اور قومی ڈیٹا پروٹیکشن مضبوط ہوگی، اور بیرون ملک ڈیٹا ٹرانسفر کے خطرات کم ہوں گے۔
ڈیٹا والٹ کی سی ای او مہوش سلمان علی نے کہا کہ پاکستان میں یہ واحد AI فعال ڈیٹا سینٹر ہے، جس میں 3 ہزار سے زائد جی پی یوز موجود ہیں اور صارفین کو بطور سروس فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عالمی سطح پر جی پی یوز کی کمی اور امریکی پابندیوں کے باوجود کمپنی نے سخت تکنیکی، مالی اور قانونی جانچ کے بعد یہ سہولت فراہم کی ہے۔
یہ اقدام پاکستان میں مختلف شعبوں جیسے مالیات، صحت، مینوفیکچرنگ، زراعت، لاجسٹکس اور عوامی خدمات میں AI کے استعمال کو فروغ دے گا، کیونکہ اعلیٰ معیار کی کمپیوٹنگ طاقت اور جدید ماحول فراہم کیا جائے گا۔
پاکستان اب ایسے وقت میں AI انفراسٹرکچر میں خودمختار ہو رہا ہے جب عالمی سطح پر جی پی یوز کی کمی اور درآمدی پابندیاں ہیں، اور یہ قدم ملک کے AI انقلاب کی بنیاد رکھتا ہے۔











