پی ٹی اے نے شہریوں کو موبائل سم کے حوالے سے خبردار کر دیا

اسلام آباد، 16 اگست 2025: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے شہریوں کو غیر قانونی موبائل سمز کے ممکنہ خطرات سے آگاہ کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق جرائم پیشہ عناصر چوری شدہ ذاتی معلومات استعمال کر کے کسی اور کے نام پر سم جاری کروا سکتے ہیں۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ایسی سمز فراڈ، غیر قانونی سرگرمیوں اور دہشت گردی جیسے سنگین مقاصد کے لیے استعمال کی جا سکتی ہیں۔ اس لیے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ باقاعدگی سے اپنی شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ سمز کی جانچ کرتے رہیں۔
اتھارٹی نے اس عمل کو آسان بنانے کے لیے سہولت فراہم کی ہے۔ شہری اپنی رجسٹرڈ سمز کی تفصیل جاننے کے لیے cnic.sims.pk ویب سائٹ پر وزٹ کر سکتے ہیں، جہاں فوری معلومات دستیاب ہوتی ہیں۔
اگر انٹرنیٹ دستیاب نہ ہو تو شہری اپنے قومی شناختی کارڈ کا نمبر ایس ایم ایس کے ذریعے 668 پر بھیج سکتے ہیں۔ اس کے جواب میں رجسٹرڈ سمز کی مکمل تفصیل موصول ہو جائے گی۔ اگر کوئی غیر استعمال شدہ یا مشکوک سم رجسٹرڈ ہو تو فوراً بلاک کروا دیں۔
پی ٹی اے نے یہ بھی واضح کیا کہ نئی سم ہمیشہ مجاز آؤٹ لیٹس، کسٹمر سروس سینٹرز یا فرنچائز سے خریدیں۔ تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد سم حاصل کرنا شناختی معلومات کے تحفظ کے لیے ضروری ہے۔
اتھارٹی نے آخر میں کہا کہ شہری اگر یہ احتیاطی تدابیر اپنائیں تو وہ فراڈ اور شناخت کے غلط استعمال سے محفوظ رہ سکتے ہیں اور ملک کی سلامتی میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔












