انسٹا گرام کے صارفین کی تعداد 3 ارب سے تجاوز کر گئی

انسٹا گرام نے ایک اور بڑا سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ یہ میٹا کی تیسری ایپ بن گئی ہے جس کے ماہانہ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 3 ارب سے زیادہ ہوگئی ہے۔ اس سے قبل فیس بک اور واٹس ایپ یہ اعزاز حاصل کر چکے تھے۔
میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے اعلان کیا کہ انسٹا گرام کے ماہانہ صارفین کی تعداد 3 ارب سے تجاوز کر گئی ہے، جو فوٹو شیئرنگ ایپ کے لیے ایک اہم کامیابی ہے۔ یاد رہے کہ میٹا نے انسٹا گرام کو 2012 میں ایک ارب ڈالرز کے عوض خریدا تھا۔
اکتوبر 2022 میں انسٹا گرام کے صارفین کی تعداد 2 ارب تھی، یعنی صرف تین سال میں ایک ارب نئے صارفین ایپ سے جڑ گئے۔
میٹا کی جانب سے اپریل 2024 میں اعلان کیا گیا تھا کہ اب فیس بک یا دیگر ایپس کے صارفین کی روزانہ یا ماہانہ تعداد ظاہر نہیں کی جائے گی، تاہم بڑے سنگ میل کے موقع پر اعداد و شمار شیئر کیے جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ رواں سال کے آغاز پر زکربرگ نے بتایا تھا کہ فیس بک کے روزانہ استعمال کرنے والے صارفین 3 ارب سے بڑھ گئے ہیں، جبکہ اپریل میں اعلان کیا گیا تھا کہ واٹس ایپ بھی دنیا بھر میں 3 ارب سے زائد افراد استعمال کر رہے ہیں۔












