وزیراعظم شہباز شریف کا سوئٹزرلینڈ کا دورہ منسوخ

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنا طے شدہ دورۂ سوئٹزرلینڈ منسوخ کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو آج وفد کے ہمراہ سوئٹزرلینڈ روانہ ہونا تھا، جہاں ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت ابتدائی مذاکرات کل برگن اسٹاک ریزورٹ میں ہونا تھے۔ شہباز شریف کا دورہ سوئٹزرلینڈ منسوخ ہونے کی خبر اہم سفارتی پیش رفت کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط مکمل ہونے کے بعد وزیراعظم کے دورے کی ضرورت باقی نہیں رہی، جس کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا۔ معاہدے پر دستخط کے بعد مذاکراتی عمل کے اگلے مراحل متعلقہ فریقین کی سطح پر جاری رہیں گے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ تکنیکی مذاکرات علیحدہ طور پر منعقد کیے جائیں گے، جن میں مختلف امور پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔ یہ تمام معاملات مفاہمتی یادداشت کا حصہ ہیں اور ان پر پیش رفت مذاکراتی عمل کے تحت کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کا ایرانی صدر کو تاریخی امن معاہدے پر مبارکباد، ٹیلیفونک رابطہ
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے آج اسلام آباد میں ثالث کے طور پر مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے تھے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے بھی معاہدے پر دستخط کیے، جسے خطے میں امن اور استحکام کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
اگرچہ وزیراعظم کو آج ہی سوئٹزرلینڈ روانہ ہونا تھا، تاہم معاہدے کی تکمیل کے بعد ان کا دورہ منسوخ کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف کا دورہ سوئٹزرلینڈ منسوخ ہونے کا فیصلہ سفارتی عمل میں پیش رفت اور معاہدے کے اہم مراحل مکمل ہونے کے بعد کیا گیا۔












