04:41 , 21 جون 2026
Watch Live

وزیراعظم شہباز شریف کا ایرانی صدر کو تاریخی امن معاہدے پر مبارکباد، ٹیلیفونک رابطہ

ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان

وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے درمیان اسلام آباد میں تاریخی امن معاہدے پر دستخط کے بعد ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ وزیراعظم نے ایرانی قیادت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران امن معاہدہ خطے میں استحکام، امن اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔

وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق امن معاہدے پر دستخط کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ پہلا رابطہ تھا۔ 30 منٹ سے زائد جاری رہنے والی گفتگو میں باہمی تعلقات، علاقائی صورتحال اور مستقبل میں تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ معاہدہ نہ صرف خطے میں امن کے قیام میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ ایران کی تعمیرِ نو اور ترقی کے عمل کو بھی تقویت دے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت، معیشت اور دیگر شعبوں میں تعاون مزید مضبوط ہوگا۔ وزیراعظم نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے امن معاہدے پر دستخط کے ایرانی فیصلے کو سراہتے ہوئے مذاکرات کے آئندہ مراحل کے لیے ایرانی قیادت کی کامیابی کی دعا کی۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان ایک برادر اور ہمسایہ ملک کی حیثیت سے ہر شعبے میں ایران کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔

صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں شخصیات نے ثالثی کے عمل کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کی مخلصانہ حمایت کو سراہا اور کہا کہ ایران اسے ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھے گا۔ دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں ایک دوسرے کے دارالحکومتوں کے دوروں اور مسلسل رابطے پر اتفاق کیا، جبکہ اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان ایران امن معاہدہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION