متحدہ عرب امارات میں سوشل میڈیا کے ذریعے ملکی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے الزامات پر 25 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جن میں پاکستانی شہری بھی شامل ہیں۔ اماراتی حکام کے مطابق گرفتار افراد مختلف ممالک سے تعلق رکھتے ہیں اور ان پر آن لائن سرگرمیوں کے ذریعے ریاستی سلامتی کو متاثر کرنے کا الزام ہے۔ حکام نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر ملکی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے الزامات کی تحقیقات کے بعد یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔
اماراتی حکام کے مطابق گرفتار افراد میں بھارت کے 17 شہری شامل ہیں جبکہ پاکستان، نیپال اور فلپائن کے دو دو شہری بھی زیر حراست ہیں۔ اس کے علاوہ بنگلا دیش اور مصر کے ایک ایک شہری کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان تین مختلف گروپوں کی صورت میں کام کر رہے تھے۔ ہر گروپ کا کام مختلف نوعیت کا تھا اور وہ سوشل میڈیا کے ذریعے مخصوص مواد تیار اور پھیلانے میں ملوث تھے۔
یہ بھی پڑھیں: سوئٹزرلینڈ نے غیر جانبداری کے قانون کے تحت دو امریکی فوجی پروازوں کو فضائی حدود استعمال کرنے سے روک دیا
اماراتی حکام کے مطابق ایک گروپ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی مدد سے جعلی ویڈیوز تیار کر رہا تھا۔ یہ ویڈیوز بعد میں سوشل میڈیا پر شیئر کی جاتی تھیں جس سے غلط معلومات پھیلنے اور عوام میں الجھن پیدا ہونے کا خدشہ تھا۔
حکام نے کہا ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور قانون کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر ملکی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے الزامات میں ملوث افراد کے خلاف سخت اقدامات جاری رہیں گے تاکہ ملک کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔













